بھٹکل 13/اکتوبر (ایس او نیوز): اتوار کی چھٹی کے دوران بینگلور سے مرڈیشور پہنچے ایک سیاح کو سمندر میں ڈوبنے کے دوران لائف گارڈ کی فوری مدد سے غرق ہونے سے بچا لیا گیا۔ یہ واقعہ اتوار کی صبح پیش آیا۔ بچائے گئے نوجوان کی شناخت پُنیت کے (19) کے طور پر کی گئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ پُنیت بینگلور سے اپنے چار دوستوں کے ساتھ معروف سیاحتی مقام مرڈیشور پہنچا تھا اور صبح سمندر میں تیرنے کے لیے اُترا تھا۔ جب اونچی لہروں میں پُنیت پھنس گیا تو لائف گارڈ کے اہلکاروں نے فوری ریسکیو آپریشن چلاتے ہوئے اُسے ڈوبنے سے بچا کر باہر نکال لیا۔
ذرائع نے بتایا کہ اس موقع پر لائف گارڈ کے شیکھر دیواڑیگا، گیری ہری کانت، اور لوہت ہری کانت نے مقامی ماہی گیروں، خاص طور پر گُنڈو ہری کانت اور سنتوش ہری کانت کی مدد سے، اور اُن کی کشتیوں کا استعمال کرتے ہوئے پُنیت کو موت کے منہ میں جانے سے بچانے میں کامیابی حاصل کی۔
یاد رہے کہ ساحلی کرناٹکا میں گذشتہ چار پانچ دنوں سے خوب بارش ہو رہی ہے، اور محکمہ موسمیات کی جانب سے اگلے سات دنوں تک بارش جاری رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ بارش کے موقع پر سمندری لہروں میں کافی بھونچال رہتا ہے، اور ایسے میں سمندر میں اُترنا گویا موت کو دعوت دینے کے مترادف ہوتا ہے۔ لائف گارڈ کے اہلکار ایسے میں لوگوں کو ہدایات جاری کرتے رہتے ہیں کہ ایسے موقعوں پر سمندر میں نہ اُتریں اور اپنی جانوں کو خطرے میں نہ ڈالیں۔